ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ترک حکام کے ساتھ ملاقاتیں
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک روزہ دورہ ترکی میں اس ملک کے صدر ، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تشدد اور انتہاپسندی سے مقابلے کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا-
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے استنبول میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات میں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں فروغ کو علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے ضروری قرار دیا- ترکی کے صدر نےکہا کہ ایران اور ترکی کے باہمی روابط نہ صرف دونوں ممالک کے مفادات میں ہیں بلکہ علاقے کے امن و ثبات کے لئے بھی اہم ہیں۔
ترکی کے صدر نے ایران کے صدر حسن روحانی کو ایک بار پھر ترکی کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے اقتصادی لین دین کے حجم میں تیس ارب ڈالر تک اضافے کی ضرورت پر تاکید کی
ترکی کے صدر نےکہا کہ مغربی ممالک کی، دہشت گردی کے حوالے سے متضاد پالیسی ہے اور مغربی ممالک اسلامی ممالک کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ترک صدر نے کہا کہ علاقے کی تمام مشکلات کو حل کرنے کے لئے ایران کے ساتھ ہماری گفتگو اہم ہے اور داعش کا خطرہ ترکی اور علاقے کے تمام ممالک کے لئے مشترکہ خطرہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور ترکی سخت حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور ایران آج بھی ترکی کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لئے آمادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہے اور اسلام ہمیں اتحاد ، یکجہتی اور محبت کا درس دیتا ہے۔
ترکی کے وزیر اعظم نے بھی ہفتے کے روز ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ان کا ملک ، پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے کہا کہ ایران اور ترکی کی معیشت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اس لئے مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا ضروری ہے-
محمد جواد ظریف نے بھی اس ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی سطح پر باہمی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان جاری تعاون ، عالم اسلام کے لئے ایک مثبت پیغام کی نشاندہی کرتا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہفتے کو انقرہ میں ترکی کے وزیرخارجہ چاؤش اوغلو سے بھی ملاقات کی -
وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ترکی ایران کا ہمسایہ اور دوست ملک ہے اور تہران، انقرہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے –
وزیر خارجہ جواد ظریف نے دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کی جانب سے تجارتی لین دین کا حجم تیس ارب ڈالرمتعین کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے وزیراعظم کے حالیہ دورہ تہران میں دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر مفید بات چیت ہوئی اور اس بات چیت کا سلسلہ ان کے دورہ ترکی میں بھی جاری رہے گا -
ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اور ترکی دونوں ہی شام اور عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ کی حمایت کرتے ہیں -
ترکی کے وزیرخارجہ چاؤش اوغلو نے بھی ترک وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے حالیہ دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ بہت ہی کامیاب رہا - ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے تعاون میں مزید فروغ آئے گا -
ترک وزیرخارجہ نے اس امیدکا اظہار کیا کہ ایران اور ترکی کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگا -
انہوں نے دہشت گردی کو دونوں ملکوں کے لئے مشترکہ خطرہ قراردیتے ہوئے کہا کہ تہران اور انقرہ کو اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنا تعاون اور زیادہ وسیع کرنا ہوگا