Mar ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کا جشن

دختر رسول صدیقہ طاہرہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادت باسعادت کی مبارک سالگرہ کی مناسبت سے پورا اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و سرور ہے۔

شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کی سالگرہ کی مناسبت سےاس وقت پورے ایران میں جشن کا سماں ہے ہر طرف لوگ جشن منا رہے ہیں اور جگہ جگہ مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں- ایران کے مقدس شہروں مشہد اور قم میں دسیوں ہزار عاشقان اہل بیت عصمت و طہارت فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور جناب فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں موجود ہیں اور بی بی دو عالم کی ولادت با سعادت کا جشن منا رہے ہیں-

محفل میلاد کے مرکزی اجتماعات بھی مشہد مقدس اور قم المقدسہ میں جاری ہیں جبکہ ایران کےسبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امامبارگاہوں میں جشن کا اہتمام کیا گیا ہے-

عراق، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے گوشہ و کنار سے خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ شہزادی کونین کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ جشن اور محفل میلاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے- دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ بیس جمادی الثانی ہجرت سے آٹھ سال قبل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور جناب خدیجہ الکبری سلام اللہ علیھا کے بیت الشرف میں اس دنیا میں تشریف لائیں-

شہزادی کونین اعلی الہی اور انسانی کمالات و فضائل کی حامل تھیں- آپ کی الہی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ جب بھی بزم رسالت میں تشریف لاتیں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آگے بڑھ کر آپ کا استقبال کرتے اور بی بی دوعالم کو اپنی جگہ پر بٹھاتے- جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت پر ایران اور دیگر ملکوں میں یوم مادر اور یوم خواتین بھی منایا جاتا ہے-