دفاعی توانائیاں اور میزائل طاقت، ملت ایران کی ریڈ لائن
-
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف جنرل مسعود جزائری
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف جنرل مسعود جزائری نے دفاعی توانائیوں اور میزائل طاقت کو ملت ایران کی ریڈ لائن قرار دیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنرل مسعود جزائری نے پابندیوں کے خاتمے کے عمل کو ایران کا میزائل پروگرام روکنے سے جوڑنے کے سلسلے میں امریکہ کی کوشش کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے حکام جان لیں کہ دفاعی توانائیاں اور میزائل طاقت خاص طور پر آج کے پرخطر دور میں ملت ایران کی ریڈ لائن اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی کی سیکورٹی کی ضمانت ہے اور کسی کو بھی اس پر ہاتھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جنرل مسعود جزائری نے مزید کہا کہ وعدہ خلافی اور بدعہدی امریکیوں کی منطق میں شامل ہے اور حکومتوں کے ساتھ معاہدے اس وقت تک وائٹ ہاؤس کے لیے قابل قبول ہیں کہ جب ملک اس طرح عمل کریں کہ خود کو امریکی تسلط کا محتاج سمجھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ملت ایران کے بارے میں امریکیوں کے اندازے بالکل غلط ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں کی آگاہی و بصیرت، غیرت مندی، استقلال پسندی اور خود پر بھروسے کے جذبے نے ہمیشہ اس سلسلے میں امریکیوں کی آرزوؤں کو خاک میں ملایا ہے۔