Apr ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • کوئی بھی طاقت میزائل پروگرام کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے بعض علاقائی اور بیرونی طاقتوں کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ماسکو میں پانچویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردوں نے شام، عراق، افغانستان، لیبیا، یمن، شمالی افریقہ اور یہاں تک کہ بعض یورپی ملکوں کو بھی اپنے انسانیت سوز جرائم اور غیر انسانی اقدامات کا نشانہ بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ بعض علاقائی اور بیرونی قوتیں دہشت گردوں کو ہتھیار فراہم اور ان کی مالی، سیاسی اور لاجسٹک حمایت کر رہی ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ آج دنیا کو امریکہ اسرائیل اور سعودی عرب سمیت خطے کے بعض ملکوں کے حمایت یافتہ، تکفیری صیہونی گروہوں کے دہشت گردانہ اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بدامنی اور عدم استحکام کا سامنا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کو جنم دینے والے ملکوں پر مشتمل نام نہاد دہشت گردی مخالف اتحاد، نہ صرف سنجیدہ نہیں ہے بلکہ وہ انسانی امداد، جنگ بندی اور تھکا دینے والے سیاسی مذاکرات کی دعوت اور اسی طرح کے فریب کارانہ نعروں کی آڑ میں اپنی شکست خوردہ قوتوں کو پھر سے منظم کرنے اور ان کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے دفاع کی خاطر عوام کی حمایت اور ملکی سائنسدانوں اور دفاعی صنعتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مسلح افواج کو جدید ترین سامان جنگ سے لیس کیا جائے گا۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت، ایران کی دفاعی توانائیوں میں اضافے، خاص طور پر میزائل پروگرام کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

ٹیگس