استقامت کی دلاوری بے مثال ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے لبنان کی شجاع حکومت اور قوم کو غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں کامیابی اور جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں کی آزادی کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
نائب صدر کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے لبنان کے وزیراعظم تمام سلام کے نام اپنے پیغام میں استقامت اور آزادی کی عید اور سنہ دو ہزار میں صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنان کی شجاع اور ثابت قدم حکومت اور قوم کی کامیابی کی سالگرہ کی تہہ دل سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر کے پیغام میں آیا ہے کہ لبنان کی ثابت قدم قوم نے اپنی سرزمین پر صیہونی حکومت کے قبضے کے برسوں کے دوران جد وجہد اور استقامت کی حمایت کے ذریعے ثابت کر دیا کہ عزت اور کرامت کے تحفظ، مقبوضہ سرزمینوں کی آزادی اور اپنے مسلمہ حقوق کی بازیابی کا واحد راستہ غاصب صیہونی حکومت اوراس کے ناجائز مفادات کے مقابلے میں ڈٹ جانے اور اتحاد کا دامن تھامنے سے عبارت ہے اور یقینا دنیا کی حریت پسند اور غیرت مند اقوام آپ کی قوم کی اس کامیابی کو ہرگز فراموش نہیں کریں گی۔
اسحاق جہانگیری نے حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کے نام اپنے پیغام میں بھی سنہ دو ہزار میں صیہونی حکومت کے مقابلے میں اسلامی استقامت کے مخلص اور شجاع مجاہدین کی قابل فخر کامیابی ، جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں کی آزادی اور عید استقامت کی مبارک باد پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ پچیس مئی سنہ دو ہزار کو صیہونیوں نے لبنان کی سرزمین سے پسپائی اختیار کی تھی اور اس ملک کے مقبوضہ علاقوں کا ایک بڑا حصہ آزاد ہو گیا تھا۔