شمال مغربی ایران میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کا قلع قمع
ایران کے شمال مغرب میں ایک کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک گینگ ختم کر دیا گیا ہے ۔
-ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی فورس نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ ملک کے شمال مغرب میں ترکی کی سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گینگ کو ختم کر دیا گیا ۔ اس رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں نے ایک آپریشن کے دوران اس گینگ کے چند افراد کو ہلاک اور کچھ کو گرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے پاس سے وافر مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد ایک ماہ قبل ایران کے شمال مغربی شہر سردشت میں عوامی رضاکار فورس بسیج کے دو جوانوں اور ایک بسیجی انجینیئر کے قتل میں ملوث تھے۔
پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس علاقے کے پاسداران انقلاب اسلامی اور عوامی رضاکار فورس بسیج کے جوان اور غیور انقلابی عوام پوری ہوشیاری کے ساتھ اسلامی نظام اور انقلاب کے دشمنوں نیز عالمی سامراج کے کارندوں کی نقل و حرکت پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں اور امن و امان کو درہم برہم کرنے کی ان کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔