ایران کےنائب صدر اور ترکی کے وزیراعظم کی ٹیلی فونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئرنائب صدر نے کہا ہے کہ خطے کے دو اہم ممالک کی حیثیت سے، ایران اور ترکی پر علاقے کے بحرانوں کو حل کرنے اور خطے میں امن واستحکام اورپائیدارترقی کے قیام کے تعلق سے، سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئرنائب صدر اسحاق جہانگیری نے ترکی کے وزیراعظم بینالی ییلدیریم کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں، علاقے کے معاملات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور انقرہ کو چاہئے کہ ان مسائل پرجن میں دونوں کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں مذاکرات کریں اور اپنے اختلافات حل کریں-
انہوں نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ نظریاتی اختلافات کو حل کرکے علاقائی سطح پر مشترکہ معاملات میں باہمی تعاون کی مضبوط بنیاد ڈالیں-
ایران کے سینیئرنائب صدر نے ایران اور ترکی کی قوموں کے دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کو مختلف میدانوں میں تعاون کرکے ایک دوسرے کی کمی کوپورا کرنا چاہئے کیونکہ علاقے کے عوام کو دونوں ملکوں سے یہی توقع ہے-
ترکی کے وزیراعظم نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ترکی کی حکومت اورعوام کی خواہشات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع، ترکی کی حکومت کے نزدیک خاص اہمیت رکھتی ہے- انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے -
ترکی کے وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور ترکی کو علاقے کے اہم مسائل منجملہ عراق اور شام کے بحرانوں کے بارے میں آپس میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنا چاہئے- ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عوام کےمصائب و آلام پوری امت مسلمہ کے مصائب و آلام ہیں -