ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی جانب سے نیس حملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے فرانس کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے نام اپنے پیغام میں نیس میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کو فرانسیسی پارلیمنٹ کے اسپیکر کلوڈ بارتلون کے نام اپنے پیغام میں نیس شہر کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تکفیری دہشت گردی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ سرحدوں اور جغرافیا کو نہیں پہچانتی اور ہر دین و مذہب اور سبھی ملکوں کی سیکورٹی اور استحکام کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے-
انہوں نے اپنے اس پیغام میں پیرس میں انقلاب دشمن منافقین کے دہشت گرد گروہ ایم کے او کے حالیہ اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں دوہرے معیار کی پالیسی اور اس لعنت کا سنجیدگی کے ساتھ مقابلہ نہ کئے جانے کی وجہ سے دنیا کے مختلف ملکوں میں بدامنی، تشدد اور انتہا پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے-
واضح رہے کہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات فرانس کے ساحلی شہر نیس میں ایک حملہ آور نے اپنا ٹرک قومی دن کی تقریبات میں شریک لوگوں کی بھیڑ پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں چوراسی افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے- سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔