ایران ، ترکی کی حکومت اور قوم کے ساتھ ہے : صدر روحانی
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i237505-ایران_ترکی_کی_حکومت_اور_قوم_کے_ساتھ_ہے_صدر_روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ترکی میں ہونے والی حالیہ ناکام بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ، ترکی کی قانونی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۲:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران ، ترکی کی حکومت اور قوم کے ساتھ ہے : صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ترکی میں ہونے والی حالیہ ناکام بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ، ترکی کی قانونی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیرکو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے فون پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام کی جانب سے جمہوریت اور منتخب حکومت کی حمایت سے ثابت ہو گیا کہ علاقے میں طاقت کی روش استعمال کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے-

ڈاکٹر حسن روحانی نے ترکی میں امن و ثبات کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں امن و ثبات پورے علاقے میں امن و استحکام مضبوط ہونے کا باعث بنے گا اور ایران کو یقین ہے کہ بعض بڑی طاقتیں اور دہشت گرد، اسلامی ممالک میں استحکام نہیں چاہتے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردوں کے خلاف علاقے کے تمام ممالک کی مشترکہ جدوجہد کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ تمام ممالک کو علاقے میں امن و استحکام اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے-

اس موقع پرترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایران کے صدر کے ٹیلی فونی رابطے کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ ان کا ملک علاقے میں امن و استحکام بحال کرنے اور مشکلات کے حل کے لئے روس اور ایران کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے-