بعض قوتین داعش کا خاتمہ نہیں چاہتیں، سیکریٹری اعلی قومی سلامتی کونسل
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں عراق میں داعش کا خاتمہ نہیں چاہتیں۔
تہران میں عراقی کردستان پیٹریاٹک یونین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل برھم صالح سے بات چیت کرتے ہوئے علی شمخانی کا کہنا تھا کہ عراق میں داعش کا خاتمہ، قومی اتحاد کی تقویت کا سبب بنے گا یہی وجہ ہے بعض بیرونی قوتیں اس مسئلے کو حل ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ ملک کی دینی قیادت کی رہنمائی اور عسکری و عوامی قوتوں کی فداکاری کے نتیجے میں عراق نے جو مقام حاصل کر لیا ہے وہ خطے کے بہت سے ملکوں کے لیے ایک خواب ہے۔ انہوں نے عراق کی کرد جماعتوں کے ساتھ ایران کے دیرینہ روابط کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے کرد بھائیوں کے ساتھ ایران کی دوستی اور گہرے مراسم برسوں کی مشترکہ کوششوں اور تعاون کا نتیجہ ہیں اور یہ دوستی ہمیشہ باقی رہے گی۔
عراق کی پیٹریاٹک یونین آف کردستان پی یو کے کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل برھم صالح نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی حمایت اور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عراقی کردستان اور ایران کے درمیان تعلقات اور تعاون کا فروغ اتنہائی اہمیت کا حامل ہے۔