Aug ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • شام میں امریکہ اور سعودی عرب کی مداخلت غیر قانونی ہے: علی اکبر ولایتی

اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب شام کی حکومت کی مرضی کے بغیر اس ملک کے داخلی امور میں مداخلت کر رہے ہیں اور شام میں ان کی موجودگی غیر قانونی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے ہفتے کے دن تہران میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شام میں ہر طرح کی دخل اندازی دمشق کی قانونی حکومت کے زاویۂ نگاہ کی بنیاد پر ہونی چاہئے کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ثابت ہوچکا ہے کہ شام کے عوام اپنی حکومت کے ساتھ ہیں اور یہ ملک پانچ سال سے زیادہ عرصے سے دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے۔

ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے مزید کہا کہ شام کی حکومت اور عوام کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے زاویۂ نگاہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اور ایران بدستور شام کے صدر بشار اسد کی حمایت کرتا ہے۔

ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ترکی کے حالیہ دورے اور ایران، روس اور ترکی کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ ایران ترکی کی حکومت اور قوم کا حقیقی دوست ہے اور بعض اختلافات کے باوجود اس نے ترکی میں ہونے والی ناکام بغاوت کے دوران ترکی کی قانونی حکومت کی حمایت کی۔

 

ٹیگس