ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کا دورہ ہندوستان
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ مختلف علاقائی اور عالمی میدانوں اور دو طرفہ سطح پر ایران اور ہندوستان کے تعلقات میں تیز رفتاری کے ساتھ فروغ کے سبھی مواقع موجود ہیں۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمرل علی شمخانی نے جمعے کو نئی دہلی پہنچنے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران مختلف شعبوں میں ایران اور ہندوستان کے اشتراکات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد سیاسی، سیکورٹی، دفاعی اور اقتصادی میدانوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون میں فروغ ایران اور ہندوستان کے حکام کی ترجیحات میں شامل ہے- انہوں نے ہندوستان کے وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا کہ جنھوں نے ایران پر عائد ظالمانہ پابندیوں کے دور میں بھی تہران کا ساتھ دیا تھا، ایران کی خارجہ پالیسی کی اہم ترین ترجیحات میں ہے- انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی ایک بہت بڑی آبادی کے پیش نظر ایران اور ہندوستان کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات نے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بہترین زمین فراہم کی ہے- علی شمخانی نے کہا کہ ایک ایسے وقت کہ جب تکفیری دہشت گردی نے دین اسلام کا غلط چہرہ پیش کرکے پوری دنیا میں مسلمانوں کی شبیہ کو خراب کر دیا، دنیا بھر کے مسلمانوں کو آپس میں بامقصد تعلقات برقرار کرکے دہشت گردی کے فتنہ انگیز نظریات کا مقابلہ کرنا چاہئے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی، ہندوستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر جمعے کو نئی دہلی پہنچے ہیں جہاں وہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں-