ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری کی ہندوستان کے وزیر اعظم سے ملاقات
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات اتنے مستحکم ہیں کہ وہ بیرونی طاقتوں کے دباؤ سے متاثر نہیں ہو سکتے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے نئی دہلی میں ہندوستان کے وزیر اعظم سے ملاقات میں گذشتہ برسوں کے دوران ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے دفاع میں ہندوستان کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے دو اہم ممالک کی حیثیت سے ایران اور ہندوستان کی مستحکم پوزیشن اور دونوں ملکوں کے تعمیری رویّے نے باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے بے شمار مواقع فراہم کئے ہیں- انہوں نے علاقے کے بعض ملکوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے، جو تکفیری نظریات کی حمایت کرکے عملی طور پر داعش بنانے کے کارخانے میں تبدیل ہو گئے ہیں، کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی تعاون ہندوستان کے مسلمان معاشرے میں تکفیری گروہوں کے اثر و رسوخ اور ان کی سرگرمیوں کا سد باب کرسکتا ہے- ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ہندوستانی وزیراعظم کے دورہ ایران میں چابہار سمجھوتے پر دستخط پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمال و جنوب کوریڈور کے فعال ہو جانے اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے میں چابہار بندرگاہ کے مرکزی رول سے اس کوریڈور میں شامل سبھی ملکوں کو بے پناہ اقتصادی فائدہ ہو گا- ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے بھی کہا کہ ایران اور ہندوستان کا نظریہ اور موقف، انسانیت کی حمایت اور اس کی حفاظت کرنا ہے- نریندرمودی نے کہا کہ آج انسانیت کو جس چیز سے خطرہ ہے وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے- ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی نے اسلام کو رحمت و مہربانی کا دین قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ چودہ سو برسوں میں کوئی بھی طاقت دین اسلام کو اتنا نقصان نہیں پہنچا سکی کہ جتنا تکفیری دہشت گردوں نے پہنچایا ہے۔