جنرل قاسم سلیمانی: تکفیریوں کو تمام محاذوں پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے
جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کے نتیجے میں یورپ کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے-
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی نے بدھ کے روز اپنی ایک تقریر میں کہا کہ آج تکفیریوں کو تمام محاذوں میں یا تو شکست ہوچکی ہے یا شکست کا سامنا ہے اور شام کے عوام اپنی حکومت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کبھی شکست نہیں ہوگی۔
شام میں تعینات ایران کے فوجی مشیر جنرل حسین ہمدانی کی پہلی برسی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں کا اصل مسئلہ، استقامتی محاذ میں شام کی مرکزیت اور اسلامی جمہوریہ ایران سے اس ملک کے تعلقات ہیں اور داعش اور دوسرے تکفیری گروہوں کو ایران کے اسلامی انقلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے وجود میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر کے دوران تاکید کی کہ ایران نے داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے سامنے مزاحمتی اقدامات کرکے دنیا کو ایک بڑے خطرے سے بچایا ہے اور شام کی حکومت نے بھی پانچ سال دباؤ اور محاصرے کو برداشت کرکے دنیا کو اس بات پر مجبور کردیا کہ وہ اعتراف کریں کہ یہ سارے گروہ ، دہشت گروہ ہیں -
جنرل قاسم سلیمانی نے اپنی تقریر کے دوران شام اور علاقے کے دوسرے ممالک کے مابین فرق بتاتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ممالک ، مسئلہ فلسطین کو نظرانداز کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے ساتھ خفیہ یا آشکارہ تعلقات برقرار کئے ہوئے ہیں، تاہم شام نے اپنی سیکورٹی اور ارضی سالمیت کو مسلمانوں کی خاطر قربان کردیا ہے۔
اس دوران انہوں نے شہید جنرل ہمدانی اور شام میں استقامتی محاذ کی کامیابیوں میں آپ کے اہم مشاورتی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک، آپ کے مقصد اور واقعہ کربلا اور روزعاشور پیش آنے والے واقعات نے بھی شام اور عراق میں استقامت پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔
یاد رہے کہ جنرل حسین ہمدانی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے حلب کے شمالی علاقوں میں فوجی مشیر کے طور پر سرگرم عمل تھے اور آٹھ اکتوبر سن دو ہزار پندرہ کو آپ کی شہادت واقع ہوئی۔