یمن میں فائربندی کا ایران کی جانب سے خیرمقدم
-
بہرام قاسمی نے امید ظاہر کی ہے کہ یمن میں تمام فریق خاص طور سے سعودی عرب، فائربندی کی پابندی کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن میں فائربندی جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمن میں بہتّر گھنٹے کی فائربندی کے بارے میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یمن میں تمام فریق خاص طور سے سعودی عرب، فائربندی کی پابندی کرے گا اور اس ملک کے مظلوم عوام کو انسان دوستانہ امداد فراہم کئے جانے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرے گا۔ انھوں نے یمن میں عوام کی صورت حال کو ایک المیہ قرار دیا۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولدالشیخ احمد نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ تمام یمنی گروہوں اور جماعتوں نے اس بات کا یقین دلایا ہے کہ وہ فائربندی پر عمل کریں گی۔ یہ ایسے میں ہے کہ اس فائربندی کی مدّت میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی آل سعود حکومت نے مارچ دو ہزار پندرہ میں امریکہ اور بعض عرب ملکوں کی حمایت سے یمن پر اپنے وحشیانہ حملے شروع کئے تھے تاکہ یمن کے مستعفی و مفرور صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لایا جاسکے۔ ان حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں۔