Nov ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  •  عوامی رضاکار فورس قومی طاقت کا ستون ہے: جنرل صفوی

رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر جنرل یحی رحیم صفوی نے عوامی رضاکار فورس بسیج کو ملک کی قومی طاقت کا بنیادی ستون قرار دیا ہے۔

جنوبی ایران کے جزیرے کیش میں عوامی رضاکاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی جنرل یحی رحیم صفوی نے کہا کہ بسیج ایران کی طاقت کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کی بدولت ملک کی سرحدوں اور شہروں میں مکمل امن برقرار ہے۔

جنرل یحی رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ آج ہزاروں سنی اور شیعہ رضاکار، ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں اور انہوں نے دہشت گردوں کے نفوذ کا راستہ روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر خطے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

فوجی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے یمن، شام اور عراق کے جنگ زدہ عوام کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے سیاسی اور اخلاقی عزم و ارادے اور اثر و رسوخ کو خطے کی مسلم اقوام کے حق میں استعمال اور مسلم ملکوں کی تقسیم کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس