Mar ۲۷, ۲۰۲۶ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: متحدہ مجلس علما وفد کی ایرانی سفیر سے ملاقات، ایران کے عوام سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار

متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کا ایک وفدجس کی قیادت نے آج نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر محمد فتح علی اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔

سحرنیوز/ہندوستان:  متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کا ایک وفدجس کی قیادت اس کے سرپرست میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کر رہے تھے اور جس میں  مفتی اعظم ،مفتی ناصر الاسلام، آغا سید حسن الموسوی، آغا سید ہادی الموسوی اور آغا سید مجتبیٰ شامل تھے، نے آج نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر محمد فتح علی اور دیگر حکام سے ملاقات کی۔
وفد نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، ان کے اہلِ خانہ اور دیگر قیادت کی شہادت پر دلی تعزیت پیش کی اور اس مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں ایران کے عوام کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کیا۔
وفد نے کشمیری عوام کی جانب سے کہا کہ امتِ مسلمہ کے ممتاز اور معزز رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت نے انہیں گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے مسلط کردہ جاری جنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی، اور امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششیں بار آور ہوں گی اور اس جارحیت کا خاتمہ ہو کر امن اور استحکام بحال ہوگا۔
وفد نے کشمیر اور ایران کے درمیان گہرے ثقافتی، تاریخی اور مذہبی روابط کو بھی اجاگر کیا، اور کہا کہ کشمیر کو طویل عرصے سے ’’ایرانِ صغیر‘‘ کہا جاتا ہے، جو دونوں اقوام کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
ٍ متحدہ مجلس علمانے اس بات کو دہرایا کہ موجودہ حالات میں امت کے لیے اتحاد، ثابت قدمی اور قیام امن کے لیے اجتماعی دعائیں وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں تاکہ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

 

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس