Dec ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۶ Asia/Tehran
  • محمد رسول اللہ (ص) چار کے زیرعنوان ایران کی فوجی مشقیں

جنوب مشرقی ایران میں واقع مکران کے سواحل پر محمد رسول اللہ (ص) چار سے موسوم ایران کی عظیم فوجی مشقیں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔

فوجی مشقوں کے دوسرے روز ایران کی فضائیہ کے دو میراج طیاروں نے فوجی مشقوں کے علاقوں میں فضائی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فرضی دشمن کے طیاروں کے حملے کا مقابلہ کیا۔ تین روزہ ان فوجی مشقوں میں بحیرہ عمان اور مکران کے سواحل پر ایران کی فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹروں کی جانب سے بھی فرضی دشمن کی دو بوٹوں کو تباہ کیا گیا۔ دریں اثنا ایران کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل کیومرث حیدری نے فوجی مشقوں کے دوسرے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ بعد کی فوجی مشقوں میں برّی فوج کی جانب سے کرار ٹینک سے استفادہ کیا جائے گا۔ انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ان عظیم فوجی مشقوں مین صمصام اور ذوالفقار ٹینکوں کی عملی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کہا کہ محمد رسول اللہ (ص) چار نامی فوجی مشقوں کے دوسرے روز ساحلی علاقوں میں نئی فوجی ٹیکٹک کو آزمایا گیا اور جدید طریقوں پر عمل کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ محمد رسول اللہ (ص) چار نامی ایران کی یہ عظیم فوجی مشقیں اتوار کے روز شروع ہوئی ہیں جو منگل کے روز تک جاری رہیں گی۔ ان فوجی مشقوں کا عنوان وحدت اسلامی اور دفاعی اقتدار کے زیر سایہ علاقے کی سلامتی اور پائدار امن قرار دیا گیا۔ ایران کی یہ عظیم فوجی مشقیں جنوب مشرقی علاقے میں مکران کے سواحل پر ہو رہی ہیں۔