Jan ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران: آستانہ مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری نے امید ظاہر کی ہے کہ آستانہ مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری نے آستانہ سے روانہ ہونے سے قبل قزاقستان کے ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ آستانہ اجلاس پہلی علاقائی و بین الاقوامی کوشش ہے اور وہ مثبت نتائج کے بارے میں پرامید ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہا کہ شام کے بارے میں علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو بحران شام کے بارے میں بین الاقوامی مذاکرات کا متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اس گفتگو کے بعد ایران کا مذاکرات کار وفد تہران واپسی کے لئے روانہ ہو گیا۔

ایران، روس اور ترکی کی کوششوں سے آستانہ اجلاس، پیر کے روز شروع ہوا تھا جو منگل تک جاری رہا۔

آستانہ اجلاس کے اختتامی بیان میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور سلامتی کونسل کی قرارداد تئیس چھتّیس کی بنیاد پر حکومت شام اور مخالفین کے درمیان مذاکرات جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید نیز بحران شام کے فوجی راہ حل کو مسترد کیا گیا ہے۔

شام میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس چوّن کی بنیاد پر جھڑپوں کے خاتمے اور قرارداد اکّیس پینسٹھ کے دائرے میں اس ملک کے عوام کی امداد رسانی کی راہ ہموار کئے جانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ٹیگس