Feb ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت ضروری ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام دنیا میں سب سے زیادہ مظلوم ہیں اس لئے ان کی بھرپور حمایت کی جانی چاہئے-

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کو انتفاضہ فلسطین کی حمایت کے زیرعنواں چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کرنے پر دنیا کے مختلف ملکوں کے حکام اور اہم شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ایک ایسے دور سے گذر رہے ہیں کہ جب فلسطین کے مظلوم عوام بے پناہ مظلومیت کا شکار ہیں اور صیہونی حکومت نے مظلوم فلسطینیوں پر اپنا دباؤ بڑھا دیا ہے-

ان کا کہنا تھا  کہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو خاطر میں نہ لانے والے اسرائیل نے اپنی پارلیمنٹ  سے بل پاس کراکے صیہونی بستیوں کی تعمیر میں اضافہ کر دیا ہے- تہران میں فلسطین کی حمایت میں چھٹی بین الاقوامی کانفرنس منگل کی صبح رہبرانقلاب اسلامی کے خطاب سے شروع ہوئی اس کانفرنس میں دنیا کے اسّی ملکوں کے وفود شریک ہیں- اس سے پہلے جب رہبرانقلاب اسلامی، کانفرنس ہال میں تشریف لائے تو آپ نے شہدائے انتفاضہ فلسطین کے لئے بنائی گئی علامتی یادگار پر جاکر شہدائے فلسطین کو خراج عقیدت پیش کیا-

 

ٹیگس