Mar ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • حج کے معاملات پر ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ نے کہا ہےکہ مناسک حج کی ادائیگی میں ایرانی عازمین حج کی شرکت کے بارے میں ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات میں اب تک اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ حمید محمدی نے جمعرات کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات میں پیشرفت اور بقیہ مسائل میں دونوں ملکوں کے کسی نتیجے پر پہنچ جانے کی صورت میں ایرانی عازمین حج یقینی طور پر اس سال حج سے مشرف ہوں گے-

انہوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان پائے جانے والے اختلافات منجملہ سعودی عرب کے ذریعے ایران سے اپنا سفارتی رابطہ منقطع کرلینے اور گذشتہ موسم حج میں ایرانی مسلمانوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عازمین حج کی عزت و وقار کا تحفظ، طبی خدمات اور قونصل خانے کی سروس، وہ جملہ معاملات ہیں جو سعودی حکام کے سامنے رکھے گئے ہیں-

ایران کے ادارہ حج و زیارت کے سربراہ حمید محمدی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہوئے حالیہ مذاکرات میں اچھی پیشرفت ہوئی ہے اور سعودی عرب کی وزارت حج اور وزیرحج نے اس بات کو قبول کیا ہے کہ وہ ایران کے مطالبات کو پورا کریں گے-

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عازمین حج کے لئے طبی خدمات کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور اب دونوں فریق قونصل خانے کی خدمات کو بحال کرنے کے طریقوں پر بات چیت کر رہے ہیں-

واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ برس بے بنیاد بہانوں سے بعض اسلامی ملکوں منجملہ ایران کے شہریوں کو حج کی سعادت سے محروم کر دیا تھا-   

ٹیگس