ایرانی ماہرین کے تیارکردہ ہیلی کاپٹر صبا کی تقریب رونمائی
ایرانی سائنسدانوں اور ماہرین کے تیار کردہ ہیلی کاپٹر صبا کی رونمائی کردی گئی۔
صبا دو سو اڑتالیس نامی اس ہیلی کاپٹر کی تقریب رونمائی میں، وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دھقان بھی شریک تھے۔وزیر دفاع حسین دھقان کا کہنا تھا کہ صبا ہیلی کاپٹر ہلکے اور درمیانے درجے کا ، ملٹی پرپز ہیلی کاپٹر ہے جس میں آٹھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا یہ ہیلی کاپٹر، سامان کی ترسیل ، مسافروں کو لانے لے جانے، امدادی کاموں اور فضائی نقشوں کی تیاری میں استعمال ہوسکتا ہے جبکہ اسے ایئر ایمبولیس اور ایئر ٹیکسی کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ہیلی کاپٹر کی دیگر خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیردفاع حسین دھقان نے کہا کہ اس ہیلی کاپٹر کی باڈی مکمل ایرو ڈائنامک ہے اور منفی پچیس ڈگری سینٹی گریڈ سے لیکر=، پچپن ڈگری سینٹی گریڈ تک اس کی کارکردگی میں کوئی فرق نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں جدید ترین ایوی ایشن مکینکل سسٹم سے کام لیا گیا ہے، یہ تیز رفتار بھی ہے اور شور بھی کم پیدا کرتا ہے جبکہ سیفٹی کے لحاظ سے ایک انجن بند ہونے کی صورت میں بحفاظت زمین پر اتر سکتا ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر، فوجی اور سول دونوں مقاصد کے لیے ہے اور ہم اسے عالمی منڈیوں اور خاص سے طور اسلامی ملکوں کو مناسب قیمت پر برآمد کرنے کے لیے تیار ہیں۔