شام پر امریکی حملے سے دہشت گردی مزید پھیلے گی، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے شام پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے جس سے علاقے میں دہشت گردی اور زیادہ پھیلے گی۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خشرو نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جو بحیرہ روم کے علاقے میں پناہ گزینوں خاص طور پر شامی پناہ گزینوں کے بارے میں منعقد ہوا تھا شام پر امریکا کے میزائلی حملے کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قراردیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دہشت گردوں کی تقویت ہوگی اور شام کے عوام مزید اپنے گھروں سے بے گھر ہوں گے۔
ایران کے مستقل مندوب نے حمص میں شامی فضائیہ کے اڈے پر امریکی میزائلی حملے کو اقوام متحدہ کے چارٹراور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حملے سے شام میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لئے کی جانے والی چند جانبہ کوششوں کو بھی نقصان پہنچےگا۔
انہوں نے شام کے شہر خان شیخون پر کیمیائی حملے کے بارے میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئےکہ عصر حاضر میں ایران خود سب سے زیادہ کیمیائی ہتھیاروں کا نشانہ بنا ہے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال،اس سے قطع نظر کہ کون کررہا ہے اور کس کے خلاف ہورہا ہے، ہر حال میں قابل مذمت ہے۔