ایران کی مسلح افواج ایمان اور ایثار و قربانی کے جذبے سے سرشار ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران کی مسلح افوج کو ایمان ، ایثار و قربانی اور الہی اہداف و محرکات کا حامل قرار دیا ہے -
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں یوم مسلح افواج کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بعض افواج کو ، دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت نسل کشی ، دہشت گردی کی حمایت ، بغاوت ، اور اقوام کے افکار و عقاید نیز قانون کی خلاف ورزی کرنے والی افواج کے نام سے یاد کیا جاتا ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج ہمیشہ نیک نامی سے یاد کی جاتی ہے - صدر حسن روحانی نے یوم مسلح افواج کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی فوج پیشہ ورانہ نظم و ضبط ، ایمان اور ملک کے قانونی دفاع اور قومی مفادات و مصلحتوں کے مطابق قانون کے دائرے میں قدم بڑھانے والی فوج کے نام سے پہچانی جاتی ہے - صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ ہی جنگ و کشیدگی سے دور رہنے کی کوشش کی ہے تاہم دوسروں کی سازشوں کے مقابلے میں ہمیشہ ہوشیار وبیدار رہا ہے اور اس نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں روز بروز اضافہ کیا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نےکہا کہ ایران کی مسلح افواج کبھی بھی حملہ آور نہیں رہی ہے تاہم ہمیشہ ایران کا بھرپور دفاع کیا ہے اور یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ جارح دشمن کا کس طرح منھ توڑ جواب دیا جاتا ہے - صدر روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج ایمان ، الہی اہداف و محرکات اور ایثار و قربانی کی حامل رہی ہیں کہا کہ بہت کم ایسے ممالک ہیں جن کی فوجوں میں یہ خصوصیات پائی جاتی ہوں اور کوئی بھی طاقت ، اسلحہ اور فوجی ساز و سامان ایران کی مسلح افواج کے جوانوں کی طاقت و توانائی اور جرائت و ہمت کی جگہ نہیں لے سکتی - صدرمملکت کے خطاب کے بعد ایران کی بری ، بحری اور فضائی افواج کے مختلف دستوں نے پریڈ انجام دی-