ایران، قطر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار
ایران کے وزیرخارجہ نے ناروے میں منعقدہ اوسلو فورم کی سالانہ نشست کے موقع پر کوفی عنان اور کینیا کی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ناروے میں منعقدہ اوسلو فورم کی سالانہ نشست کے موقع پر اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایران، قطر کو انسانی بنیاد پر امداد اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے آمادہ ہے۔
انہوں نے قطر مخالف سعودی دباؤ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران، قطر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار ہے.
کوفی عنان نے اس موقع پر کہا کہ اگر خطے کی صورتحال مزید بگڑجائے تو اس کا نقصان علاقائی ممالک کو ہوگا.
محمد جواد ظریف نے منگل کی رات اوسلو فورم کی سالانہ نشست کے موقع پر کینیا کی وزیر خارجہ امینہ محمد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے بحران کے تناظر میں بعض ممالک کی جانب سے ہتھیاروں کی خریداری میں مزید اضافے کا امکان ہے.
اس موقع پر انہوں نے کینیا سے قطر اور سعودی عرب کے درمیان تنازعات کے حل کرنے کے لئے مذاکرات کے آغاز کا مطالبہ کیا.
کینیا کی وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور قطر میں ہزاروں کینیائی شہریوں کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دونوں ممالک کے درمیان نئے تنازعات پرتشویش ہے اور مذاکرات کے ذریعہ موجودہ کشیدگی کو حل ہونا چاہیئے.
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ گزشتہ دنوں اوسلو فورم کی سالانہ عالمی نشست میں شرکت کے لئے ناروے پہنچے جہاں انہوں نے اس فورم میں خطاب کے علاوہ اپنے نارویجن، انڈونیشیائی اور بوسنیائی ہم منصوبوں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں.