Jun ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران کے صرف ایک میزائل کے نشانے میں درجنوں داعشی ہلاک

شام کے مشرقی شہر دیرالزور کے شہر المیادین میں داعشی دہشت گردوں کے ہیڈکوارٹر پر سپاہ پاسداران کے صرف ایک میزائل حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق پچاس سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

دیرالزور سے زمینی سطح پر ملنے والی خبروں کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے اتوار کی رات کیے جانے جانے والے میزائل حملے میں داعش کے متعدد سرغنے بھی ہلاک ہوئے جن میں ابوعاصم اللیب اور عبدالقادرالفرانی المعروف ابوحارث بھی شامل ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے داغے جانے والے چھے میں سے پانچ دیگر میزائلوں کے حملے میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں اطلاعات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اتوار کی شام، تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کو سزا دینے کے لیے، شام میں اس کے کمانڈ، کنٹرول اور لاجسٹک سینٹروں پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے چھے میزائل فائر کیے تھے جو سب کے سب عراق کی فضاؤں سے ہوتے ہوئے اپنے نشانے پر لگے ہیں۔
تہران میں سات جون کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد، جس میں اٹھارہ روزہ دار شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا تھا کہ وہ شہدا کے خون کا جلد انتقام لے گی۔
سات جون کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری داعش دہشت گرد گروہ نے قبول کی تھی۔
درایں اثنا ایران کی فقہاء کی کونسل مجلس خبرگان اور آئین کی نگراں کونسل  نے اپنے الگ الگ بیانات میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائل حملے کی قدر دانی کی ہے۔

ٹیگس