مسجدالاقصی کی حمایت میں ایران بھر میں مظاہرے
ایرانی عوام نے نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر مظاہرے کرکے مقبوضہ فلسطین اور میانمار کے مسلمانوں پر ڈھاے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
تہران سمیت ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگ فلسطین اور میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے اور عالمی سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں مسلم امہ کے اتحاد کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مظاہروں کے اختتام پر جاری ہونے والی قرار دادوں میں بھی مقبوضہ فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم، مسجدالاقصی میں نمازیوں کے وحشیانہ قتل اور اسی طرح انتہا پسندوں کے ہاتھوں میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
ان قرار دادوں میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ اور تحریک مزاحمت سے سخت خوفزدہ ہے ۔ قرارداد میں خبردار کیا گیا ہے کہ صیہونی حکومت پہلے مسجد الاقصی اور پھر پورے فلسطین پر مکمل تسلط جمانے کی کوشش کررہی ہے اور اپنے ناپاک منصوبوں کی تکیمل کے لیے بھی جرم کے ارتکاب سے گریزاں نہیں ہے۔
ایک قرار داد میں سامراجی طاقتوں اور اسرائیلی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہیں اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ فلسطینی عوام کی تحریک انتفاضہ حتمی کامیابی اور اسرائیل کی نابودی تک جاری رہے گی۔