Sep ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۵ Asia/Tehran
  • ایران ہندوستان تجارتی تعلقات کے فروغ کی منصوبہ بندی

تہران میں ہندوستان کے سفیر نے کہا ہے کہ ایرانی تاجروں کے لئے ہندوستان کا ویزا جاری کرنے کے عمل میں مزید سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

  تہران میں ہندوستانی سفیر سورب کمار نے کہا ہے کہ اب ایرانی تاجروں کو پانچ دن کے بجائے تین روز کے اندر ہی ویزا جاری کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے۔
ہندوستانی سفیر نے تہران میں ایران کے نجی شعبوں کے عہدیداروں اور ہندوستانی تاجروں کے وفد کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ہندوستان کا اقتصادی اور تجارتی دفتر بھی ایران میں کھل جائے گا اور ایرانی تاجروں کو ہندوستان کا ویزا پانچ دن کے بجائے تین دن کے اندر ہی مل جایا کرے گا۔
ہندوستانی سفیر سورب کمار نے ایران کی مستحکم معیشت کا ذکرکرتے ہوئے جو ہندوستانی تاجروں کے لئے بہترین موقع ثابت ہوسکتی ہے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران میں ہندوستانی تاجروں کی موجودگی دونوں ملکوں کے اقتصادی تعاون کی توسیع پر منتج ہوسکتی ہے۔
کنفڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے نائب صدر نوشاد فوربز نے بھی اس اجلاس میں کہا کہ تہران اور نئی دہلی کے اقتصادی تعلقات روز بروز فروغ پارہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ویزا جاری کرنے کے عمل میں سہولت پیدا ہونے سے ایران اور ہندوستان کے اقتصادی تعلقات پہلے سے بھی زیادہ فروغ پائیں گے۔
دوہزار سولہ میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی حجم چھے ارب ڈالر تھا۔

ٹیگس