Sep ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران طبی ٹیمیں اور آلات  میانمار بھیجنے کے لیے تیار

اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر روہنگیا مسلمانوں کے لیے میڈیکل ٹیمیں اور طبی آلات بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ایران کے وزیر صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے میڈیکل آلات اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھیجنے کی غرض سے عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی تنظیموں کے ساتھ ضروری خط وکتابت شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر عالمی اداروں کی خاموشی کسی طور پر قابل قبول نہیں ہے اور انہیں زبانی مذمت کے بجائے عملی قدم اٹھانا چاہیے۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی اداروں کے تعاون سے روہنگیا مسلمانوں کو تمام تر طبی سہولتیں اور ہرقسم کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔دوسری جانب عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے حکومت میانمار کو مغربی آلہ کار اور امریکہ کو اس حکومت کے جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو روہنگیا مسلمانوں پر میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے حملوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا چاہیے۔انہوں نے امریکہ کو حکومت میانمار کے جرم میں برابر کا شریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کے ذریعے میانمار کی آمر حکومت کا راستہ روکنا اسلامی ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ٹیگس