دہشت گردی کا فروغ سعودی عرب کی خارجہ پالیسی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو فروغ دینا سعودی حکومت کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ بن چکا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران کےخلاف سعودی وزیرخارجہ کے بے بنیاد اور تکراری دعوؤں کے جواب میں کہا کہ یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کے ناقابل انکار ثبوت و شواہد اور انتہا پسندی، تکفیریت اور دہشت گردی کا فروغ گذشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کا واضح معیار رہاہے۔
سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے جمعے کو اسکائی نیوز عربی سے گفتگوکے دوران اپنے بے بنیاد دعوؤں کی تکرار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران عالمی برادری میں ایک سرگرم ممبر کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو بقول ان کے اسے دیگر ملکوں کے معاملات میں مداخلت سے ہاتھ کھینچنا ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے سعودی وزیرخارجہ کے اس بیہودہ بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام پر جب بھی یمن میں ان کے وحشیانہ جرائم اور دہشت گردی کی حمایت کرنے کی بنا پر بین الاقوامی سطح پر دباؤ بڑھتا ہے تو وہ ایران کےخلاف مضحکہ خیز الزامات عائد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سلسلے میں سعودی وزیرخارجہ کا یہ بیان انتہائی شرمناک ہے خاص طور پر اس لئے بھی کہ دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور اس کو ہوا دینے میں سعودی کردار پوری دنیا پر عیاں ہے۔