Nov ۰۷, ۲۰۱۷ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • سعد حریری کے استعفے کی وجوہات داخلی نہیں ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے سعد حریری نے لبنان کی داخلی وجوہات کی بنا پر استعفا نہیں دیا ہے

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ایران پریس سے خصوصی گفت‍گو کے دوران لبنان کی وزارت عظمی کے عہدے سے سعد حریری کے استعفے کے بارے میں کہا کہ تمام تر شواہد سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ لبنان میں کوئی بھی وجہ ایسی نہیں تھی جس کی بناپر سعد حریری استعفا دیتے۔

سعد حریری نے ہفتے کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اچانک وزارت عظمی کے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔

وزیرخارجہ جواد ظریف نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ سعد حریری کے استعفے کی وجوہات سامنے آنے کے لئے ان کے لبنان واپس آنے اور لبنان میں خود ان کے بیان دینے تک انتظارکرنا پڑے گا، اس امید کا اظہار کیا کہ لبنان کے عوام پارلیمنٹ، حکومت اور صدر اپنی مشترکہ  کوشش اور آپسی ہم آہنگی سے ملک میں امن و استحکام کے راستے پر قدم آگے بڑھائیں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ لبنان میں حکومت کی تشکیل اور صدر کا انتخاب امن و استحکام کی برقراری کی راہ میں اہم قدم تھا کہا کہ علاقے کے بعض ممالک خطے میں امن واستحکام نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے  برطانوی وزیرخارجہ کے ساتھ اپنے ٹیلی فونی گفتگو کے بارے میں کہا کہ علاقے کی خطرناک صورتحال اور خاص طور پر سعودی حکام کے  ایران مخالف بے بنیاد، غیر حقیقت پسندانہ اور عالمی منشور و قوانین کے منافی بیانات اس ٹیلی فونی گفتگو کے اصلی محور تھے۔

 

ٹیگس