ایران اپنے پڑوسیوں کے لئے فداکاری کرتاہے
بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا اثر و رسوخ افتخار آمیز رہا ہے کیونکہ یہ اثر و رسوخ دوستانہ ہے اور ایران اپنے ہمسایوں کے تحفظ کے لئے فداکاری کا مظاہرہ کرتا ہے۔
بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر نے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل کے ایک پروگرام میں کہا کہ ایران استقامت کا محور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران نے شام عراق اور لبنان میں مدد نہ کی ہوتی تو آج بغداد دمشق اور بیروت پر داعش کا قبضہ ہوتا۔
ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ شام اور عراق کی قانونی حکومتوں نے جیسا کہ خود ان دونوں ملکوں کے حکام کا کہنا ہے داعش کا مقابلہ کرنے کے لئےایران سے مدد مانگی تھی۔
انہوں نے علاقے میں مغرب کی پالیسیوں کے بارے میں کہا کہ یورپی ممالک طاقتور ہونے کے لئے متحد ہو رہے ہیں اور انہوں نے یورپی یونین قائم کی ہے تاکہ اسلامی ملکوں اور مشرق وسطی پر تسلط جمائیں اور علاقے کے ملکوں کو تقسیم کریں۔