شام سے امریکہ کے انخلا کا مطالبہ
ایران کی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ فی الفور شامی سرزمین سے نکل جائے۔
نامور ایرانی سفارتکار اور ایران کی خارجہ پالیسی کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے دمشق میں شام کے قومی مصالحت کے وزیر علی حیدر کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں امریکہ کی موجودگی سے نہ صرف امن میں مدد نہیں ملے گی بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران اسے غیرقانونی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ امریکہ فی الفور شامی سرزمین سے نکل جائے۔
خرازی نے کہا کہ امریکی کی جانب سے شام میں مداخلت بند ہونی چاہیے اور یہ حق شامی عوام کا ہے کہ وہ اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، شامی فریق کو ایک دوسرے کے درمیان مذاکرات کرنے دے جس کا مقصد امن کا قیام اور اندرونی مشکلات کو ختم کرنا ہے۔
کمال خرازی نے کہا کہ شامی محکمہ قومی مصالحتی امور ملک کے مختلف قومی گروہوں اور قبائل کے درمیان مصالحتی عمل چلانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے لئے اب تک اچھی کوششیں ہوئی ہیں۔