ایران کے صدر ہندوستان کے تین روزہ دورے پر روانہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ ہندوستان کے تین روزہ دورے پرآج صبح روانہ ہوگئے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کو رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی اور نائب صدر اسحاق جہانگیری نے رخصت کیا۔ اس سفر میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور پٹرولیم کے وزیر بیژن نامدار زنگنہ سمیت کئی دیگر وزراء اور اعلی حکام صدر حسن روحانی کے ہمراہ ہیں۔
ہندوستان روانگی سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ تمام شعبوں من جملہ اقتصادی، ثقافتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پرتاکید کی۔
ایران اور ہندوستان کے دیرینہ تعلقات اور قریبی مراسم کا ذکر کرتے ہوئے صدر روحانی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور سائنسی لحاظ سے اچھے تعلقات قائم ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آج تین روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان روانہ ہوئے۔
ہندوستان میں قیام کے دوران صدرمملکت حسن روحانی ہندوستان کے صدر، وزیراعظم اور اعلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔
ڈاکٹر حسن روحانی ہفتہ کی سہ پہر اپنا دورہ مکمل کرکے نئی دہلی سے وطن روانہ ہوں گے۔