ڈونلڈ ٹرمپ امریکی مفادات کو صیہونی عزائم کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی مفادات کو اسرائیلی عزائم کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔
منگل کے روز تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ امریکی حکمراں اسرائیل کے مستقبل کے بارے میں حیاتی وابستگی کے قائل ہیں اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انہوں نے علاقے کے ملکوں کو بھی فریب دے کر اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔
امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے غرض سے ٹرمپ کے مجوزہ دورہ مقبوضہ فلسطین کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی ناپختہ ہے اور کسی بھی اسلامی ملک نے اسے قبول نہیں کیا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل، دارالحکومت کی بیت المقدس منتقلی منصوبے پر آسانی کے ساتھ عملدرآمد نہیں کر پائیں گے۔
ایران کے اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ فلسطین کے عوام بہت جلد اسرائیل کے شر سے آزادی حاصل کر لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے چودہ مئی کو امریکی سفارت خانے کی تل ابیت سے بیت المقدس منتقلی کا اعلان کیا ہے۔