ایران و پاکستان کا علاقے میں امن و امان کی برقراری میں اہم کردار
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران و پاکستان دو مسلمان اور دوست ممالک کی حیثیت سے باہمی روابط اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
مھر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر عبدالرحیم موسوی نے تہران میں پاکستانی بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر علاقائی امن و سلامتی کی برقراری میں دونوں ملکوں کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے واقعات اور توانائی کی حمل و نقل اس علاقے میں ہوتی ہے اس لئے بحرہند کا علاقہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔
ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے دنیا کی سکیورٹی اور سلامتی کو اس علاقے سے وابستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف اس علاقے کے ممالک ہی اس اہم اور اسٹرٹیجک علاقے کی سکیورٹی کو برقرار رکھ سکتے ہیں اور اغیار کی اس علاقے میں موجودگی بد امنی کا باعث بن سکتی ہے۔
عبدالرحیم موسوی نے بحرہند کے علاقے میں امن و امان کی برقراری میں باہمی تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان بھی کیا۔
پاکستانی بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی نےاس ملاقات میں ایران کے دورے اور بحرہند کی بحریہ کے کمانڈروں کے اجلاس میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اہم علاقائی ملک ہے اور وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ بحر ہند نیول سمپوزیم کا چھٹا اجلاس 23 اور 24 اپریل کو ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوا جس میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے 35 فوجی وفود نے شرکت کی۔