لبنانی عوام کے ہاتھوں امریکہ اور صیہونی حکومت کی شکست
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں حزب اللہ اور اس کی اتحادی جماعتوں کی کامیابی پر کہا ہے کہ لبنانی عوام نے پارلیمانی انتخابات میں امریکہ اور اسرائیل کو کرارا جواب دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے منگل کی صبح پارلیمنٹ کے عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل اور اس کے علاقائی اتحادیوں نے لبنانی انتخابات میں مداخلت کے سلسلے میں مال و زر اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ بہت زیادہ پروپیگنڈہ کیا لیکن لبنان کے غیورعوام نے ان کے تمام ناپاک عزائم کو اپنے ووٹ کے ذریعہ خاک میں ملا دیا۔ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کو اب سمجھ لینا چاہئیے کہ علاقائی عوام کے خلاف سیاسی اور فوجی دباؤ کا دور گذر گیا ہے اور مظلوم قوموں کا یہ کہنا ہے کہ اب دھونس اور دھمکی کی پالیسی نہیں چلے گی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اس وقت علاقے میں دو اہم تحریکیں جاری ہیں ایک غیر جمہوری تحریک ہے کہ جس کی سربراہی امریکہ کی حمایت یافتہ ڈکٹیٹرکر رہے ہیں اور دوسری تحریک جمہوریت پر مبنی ہے کہ جس کی طاقت عوام کے ہاتھ میں ہے اور جس کا اہم نمونہ لبنان کے پارلیمانی انتخابات اورتیونس میں شہری کونسلوں کے انتخابات اور عراق میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات ہیں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں نے دہشت گردوں کی بھرپور حمایت کی لیکن لبنانی عوام نے ان کے ناپاک منصوبوں کو مسترد کر دیا اور بلاشبہہ ایٹمی معاملے میں امریکہ کی وعدہ خلافی کا نتیجہ بھی ایسا ہی نکلے گا۔ واضح رہے کہ لبنان کے پارلیمانی انتخابات میں حزب اللہ کے اتحاد کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پارلیمنٹ کی نصف سے زائد نشستیں حزب اللہ اور اس کی اتحادی جماعتوں کو ملی ہیں۔