Jun ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • فلسطین کے لئے ایران کی حمایت اصولی اور شرعی ہے

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے مسئلہ فلسطین کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے لئے ایران کی حمایت اصولی، اعتقادی اور شرعی ہے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کو بند کرانے کے لئے ایران عالم اسلام کے مختلف ملکوں سے مذاکرات اور صلاح و مشورے کرتا رہتاہے اور اس نے میڈیا کے وسائل اور عوامی تنظیموں کو یکجا کرکے فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے مظالم سے دنیا کو باخـبر کرنے میں کافی حدتک کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج مسئلہ فلسطین کے تعلق سے امریکا پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور صیہونی حکومت عالمی سطح پر روز بروز تنہائی کا شکار ہوتی چلی جارہی ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے امریکی سفارتخانے کی تل ابیت سے بیت المقدس منتقلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے غیر دانشمندانہ فیصلے کی وجہ سے عالم اسلام پہلے سے زیادہ متحد ہوا ہے اور فلسطینی گروہوں میں مزید یکجہتی کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔
 انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت ایران سے کھلم کھلا دشمنی کرتی ہے اور اس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے شمار جرائم کا ارتکاب کیا ہے کہا کہ علاقے میں تکفیری گروہوں کا وجود اور اسلامی ملکوں کے اقتصادی اور دفاعی ڈھانچوں کی تباہی کے برسوں نے اسرائیلی حکومت کی سیکورٹی کے لئے بہترین مواقع فراہم کئے البتہ ایران نے شام اور عراق میں تکفیری دہشت گرد گروہوں کو شکست دے کر صیہونی حکومت سے یہ بہترین مواقع چھین لئے۔
علی شمخانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا صفایا ہوجانے سے ایک بار پھر مسئلہ فلسطین عالم اسلام کے پہلے مسئلے میں تبدیل ہوگیا کہا کہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں کا محور اغیار کی علاقے میں تباہ کن موجودگی کا خاتمہ، مظلوموں کا دفاع اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس اعلان کیا تھا کہ تاکہ پوری دنیا کے مسلمان صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور غاصب اسرائیل سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کریں
جمعۃ الوداع کو پوری دنیا کی مسلم اقوام اور دیگر حریت پسند قومیں یوم القدس کے جلوسوں میں شرکت کرکے صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت اور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔

ٹیگس