Sep ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کا برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی طرف سے فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔

 سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہاکہ یہ فیصلہ ایک انتہائی تاریک لمحے میں دو ریاستی حل کی امید کو زندہ رکھنے میں مدد دے گا۔ برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے اتوار 21 ستمبر 2025 کو ایک تاریخی اقدام میں فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے جو مغرب اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کی نشاندھی کرتی ہے۔
گزشتہ روز برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے اعلان کیا کہ ملک امن کی امید بحال کرنے کے لیے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرے گا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے بھی ایک بیان میں اوٹاوا کی جانب سے ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے بھی اعلان کیا کہ ان کا ملک سرکاری طور پر "فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست" کو تسلیم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر "دو ریاستی حل" اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق کانفرنس کا انعقاد ہے، اہم ترین پیشرفت شمار ہوتا ہے۔

ٹیگس