مشترکہ تعاون کیلئےایران اور افغانستان پرعزم
نائب ایرانی وزیر خارجہ برائے سیاسی امور اور افغان چیف ایگزیکٹیو نے ایک ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور اعلی سفارتکار سید عباس عراقچی نے افغان صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد افغان چیف ایگزیکٹیوعبداللہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات اور بات چیت کی۔ ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلی حکام نے ایران و افغانستان کے درمیان مشترکہ تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹرٹیجک تعاون کی دستاویزات کو حتمی شکل دینے میں اہم پیش رفت حاصل ہونے کی خبر دی۔
اعلی ایرانی سفارتکار نے افغان چیف ایگزیکٹیو کو ایرانی دارلحکومت تہران میں ایرانی حکام اور طالبان کے وفد کے درمیان حالیہ ملاقات کے بارے میں بریفینگ دی۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے نمائندوں کے ساتھ مذکورہ ملاقات افغان حکومت کی ہم آہنگی سے ہوئی ہے اور ہم افغان حکومت کی قیادت میں افغان امن عمل کے انعقاد کی مکمل حمایت کریں گے۔
اس موقع پر افغان چیف ایگزیکٹیوعبداللہ عبداللہ نے ایران کی جانب سے طالبان کے نمائندوں کے ساتھ حالیہ ملاقات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت امن مذاکرات کی حمایت کرتی ہے۔