صدر روحانی سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر حسن روحانی سے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹرش نے ملاقات اور گفتگو کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بدھ کے روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹونیو گوٹریش سے ملاقات کی جس میں فریقین نے جوہری معاہدہ، علاقائی مسائل، خلیج فارس میں تنازعات، ہرمز امن منصوبہ اور ایران مخالف امریکی معاشی دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ کے صدر حسن روحانی نے کل اقوام متحدہ کی 74ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہرمز پیس فارمولا پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں امن و سلامتی کا قیام، یہاں سے بیرونی افواج باالخصوص امریکی افواج کے نکلنے اور خطے کے ممالک کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے ۔
ایران کے خلاف امریکا کی اقتصادی دہشت گردی کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت کا ذکرکرتے ہوئے صدرروحانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی حکومت نے ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرکے دیگرملکوں کو بھی ڈرا دھمکا کراپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکی حکومت ایران، چین، ونزوئیلا اور کیوبا جیسے ملکوں پر پابندیاں عائد کرنے کی عادی ہوچکی ہے اور اس کو پابندیاں لگانے کا نشہ ہو گیا ہے۔