Nov ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکا کی امام خمینی(رح) کے حرم میں حاضری

تینتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق 350 غیر ملکی مہمانوں نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

عالمی تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے اس موقع پردنیا کے 350 غیر ملکی مہمانوں کی تینتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس میں شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی کانفرنس میں مسلم مفکروں، علما اور شخصیات نے شرکت کر کے دنیا والوں پر یہ ثابت کر دیا کہ عالم اسلام میں ماضی کی طرح اب بھی حضرت امام خمینی رح  کے افکار و نظریات زندہ ہیں۔

آیت اللہ محسن اراکی نے کہا کہ عالم اسلام میں اتحاد و یکجہتی کا قیام امام خمینی رح کی عظیم آرزو تھی جس کی تکمیل کے لیے عالمی وحدت اسلامی کانفرنس کا ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکاء حضرت امام خمینی سے تجدید عہد وفا کے لیے آپ کے مزار پر حاضر ہوئے اور انشا اللہ اتحاد کے مشن کو جاری رکھا جائیگا۔

تینتیسویں عالمی وحدت اسلامی کانفرنس جو آج جمعرات کے روز تہران میں شروع ہوئی سنیچر کے روز ختم ہوگی اس کانفرنس میں81 ممالک سے 350 غیر ملکی مہمان شریک ہیں۔

ٹیگس