ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی معاملے پر بات چیت کی خبریں بے بنیاد
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے ایٹمی معاہدے پر ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی طرح کی بات چیت کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے دعوؤں کو مسترد کردیا ہے-
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفترکے پریس اتاشی علی رضا میریوسفی نے اس فیلم کے بارے میں جس میں اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کلی کرافٹ کو ایرانی مندوب مجید تخت روانچی کے پاس جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہا کہ اقوام متحدہ کے معمولات کے مطابق اجلاس کے اختتام پر مختلف ملکوں کے مندوبین ایک دوسرے سے ملتے اور باتیں کرتے ہیں اور سلامتی کونسل کے اجلاس کے اختتام پر امریکی مندوب بھی ایرانی مندوب کی طرف گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مندوب اس مریض بچی کے بارے میں ایرانی مندوب سے پوچھ رہی تھیں جن کا ذکر انہوں نے اپنی تقریر میں کیا تھا اور ایرانی مندوب نے بھی ان کا جواب دیا - ایران کے نمائندہ دفتر کے پریس اتاشی نے کہا کہ اس مختصر سی بات چیت میں اس کےعلاوہ کسی اور موضوع پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی-
ایرانی مندوب نے جمعرات کو سلامتی کونسل میں اپنے خطاب کے دوران ایران مخالف امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے ذریعے ایران کے خلاف ادویات کی سپلائی پر بھی پابندی کی وجہ سے آوا نام کی دوسالہ بچی جو ای بی بیماری میں مبتلا تھی دواؤں کے فقدان کی وجہ سے دم توڑ گئی -