ایران میں کورونا کے اسّی فیصد مریض صحتیاب
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد تقریبا چھیانوے ہزار ہے جبکہ ستتر ہزار تین سو پچاس مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبۂ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے سنیچر کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید آٹھ سو دو افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا کی مریضوں کی اب تک مجموعی تعداد چھیانوے ہزار چار سو اڑتالیس ہو چکی ہے۔
کیانوش جہانپور نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں پینسٹھ افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر کورونا وائرس سے اب تک چھے ہزار ایک سو چھپّن مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے کہا کہ ایران میں تقریبا اسّی فیصد کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تقریبا پینتیس لاکھ تک پہنچ چکی ہے جن میں سے کم سے کم دو لاکھ چالیس ہزار مریض کورونا کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ دس لاکھ سے زائد صحتیاب ہونے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔