پاکستان خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا: شہباز شریف
پاکستانی کے وزیر اعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارت کے 10 بلین ڈالر کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: بدھ کو پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں ایران کے وزیر صنعت و تجارت سید محمد اتابک اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات میں تجارت، جہاز رانی، پیٹرولیم، معیشت اور خزانہ کے وزراء اور اقتصادی امور پر پاکستانی وزیراعظم کے معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی۔
پاکستانی وزیر اعظم نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیشکیان کو تہہ دل سے سلام اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین پڑوسی اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے انتہا اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام آباد خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ڈاکٹر پزشکیان کے ساتھ خطے میں دیرپا امن کے قیام اور پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے مفید مشاورت کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی مسلسل کوششوں سے ایران اور پاکستان کے رہنماؤں کی جانب سے 10 بلین ڈالر کا تجارتی ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
اس ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک اشیائے صرف، غذائی اور زرعی مصنوعات سمیت تجارت کے فروغ کے لیے باہمی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
پاکستان اور ایران سرحدی تجارت میں بھی اضافہ کریں گے اور سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے اور لاجسٹکس اور کسٹم کے طریقہ کار بہتر بنانے کے لیے اپنی سہولیات میں اضافہ کریں گے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کان کنی کے شعبے بالخصوص قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھے گا۔
وزیر اعظم کے دفتر سے ایک بیان میں کہا گیا ہے: "ڈاکٹر اتابک نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی مخلصانہ سفارتی کوششوں اور ایران کے ساتھ یکجہتی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔"
ایران کے وزیز تجارت نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر تکنیکی مذاکرات بھی جاری ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel