ایران میں مساجد کھل گئیں، آج رات شب قدر کے اعمال ہوں گے
اسلامی جمہوریہ ایران میں شب ہائے قدر کے پیش نظر آج منگل کے روز سے طبی اصولوں کی رعایت کے ساتھ مساجد کھول دی گئیں۔
تبلیغات اسلامی ادارے کے سربراہ حجۃ الاسلام محمد قمی نے کہا ہے کہ ایران میں آج منگل کے دن سے شب ھائے قدر کے پیش نظر طبی اصولوں کی رعایت کے ساتھ مساجد کھول دی گئیں اور آج رات شب قدر کے اعمال بجالائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کھولنے کے سلسلے میں طبی ہدایات اور دستورات پرعمل درآمد ضروری ہے اور مساجد میں بیٹھنے اور دعا اور عبادات کیلئے ایک میٹرکا فاصلہ رکھنا ہو گا۔
واضح رہے کہ ایران میں طبی عملے، رضاکار فورس بسیج اور عوام کی محنت، جاںفشانی اور کوششوں سے کورونا کا زور ٹوٹ گیا اور اس ملک میں کورونا میں مبتلا اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔
ایران میں کورونا وائرس میں ایک لاکھ 9 ہزارسے زائد افراد مبتلا ہوئے جن میں سے87 ہزار 422 سے زائد صحت یاب ہوئے جبکہ 6 ہزار 685 افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔