تہران میں آتش زدگي کے واقعے پر قائد انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک کلینک میں آگ لگ جانے کے سبب کچھ افراد کے جاں بحق ہونے پر قائد انقلاب اسلامی نے ایرانی عوام کے نام تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
منگل کی شام تہران کے شمال میں واقع ایک کلینک میں آکسیجن کا ایک سلینڈر پھٹ گيا تھا اور کلینک کی عمارت میں مہیب آگ لگ گئی تھی جس کے سبب انیس افراد جاں بحق اور چودہ ديگر زخمی ہو گئے تھے۔ آگ لگنے کے بعد مزید سلینڈروں میں دھماکے ہوئے تھے اور عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گيا تھا۔
قائد انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روز ایک تعزیتی پیغام جاری کر کے ذمہ دار اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیق کرنے کے ساتھ ہی نقصانات کے ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور ایسی تدابیر اختیار کریں کہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات رونما نہ ہوں۔ انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذمہ دارا اداروں کی جانب سے اس حادثے کی صحیح تحقیقات جلد از جلد انجام پانی چاہیے۔ قائد انقلاب اسلامی نے اس حادثے پر ایران کے عوام بالخصوص حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے خداوند عالم سے صبر اور دلی سکون کی دعا کی ہے۔