جاپانی وزیر اعظم کے استعفے پر ایران کا رد عمل
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جاپانی وزیر اعظم کے استعفے پر کہا کہ انہوں نے ایران اور جاپان کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زاده نے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور جاپان کے مابین دوستانہ اور تاریخی روابط برقرار ہیں اور شینزو آبے نے ایران اور جاپان کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے اپنے عہدے کی دوسری مدت کے خاتمے سے ایک سال قبل خرابی صحت کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
جاپان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ ملک اہم فیصلوں کا متقاضی ہو اور میں اپنی صحت کی خرابی کے باعث وقت نہیں دے پا رہا ہوں، اس لیے میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
2012 سے ملک کے سب سے بڑے عہدے پر براجمان شینزو آبے کی وزارت عظمیٰ کی موجودہ مدت کو اگلے برس مکمل ہونا تھا لیکن انہوں نے ایک سال قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ نئے وزیراعظم ملک کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔