Sep ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • امریکہ کے تخریبی رویے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے: علی اکبر صالحی

ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ کے تخریبی رویّے کا سلسلہ بند کرنے کے لئے ملٹی لیٹریزم یا کثیر الجہتی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

ایران کے ادارۂ ایٹمی انرجی (اے ای او آئی) کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے آنلائن خطاب میں کہا کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی تعلقات میں سفارتکاری اور ملٹی لیٹریزم یا کثیر الجہتی کو بحال کر سکے۔

علی اکبر صالحی نے عالمی برادری کی جانب سے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت بڑھانے کے لئے امریکی کوششوں کی مخالفت اور ایٹمی سمجھوتے میں اسنیپ بیک میکانیزم کو استعمال کر نے کے امریکی دعوے کو مسترد کر دئے جانے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقی کامیابی ہے جس کا تحفظ ہونا چاہئے۔

اے ای او آئی کے سربراہ نے تہران اور آئی اے ای اے کی عالمی ایجنسی کے درمیان ہونے والے حالیہ سمجھوتے کا ذکر کیا اور کہا کہ اب ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کو یہ ثابت کرنا چاہئے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے سلسلے میں غیرجانبدار ہے اور عارضی طور پر مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ساز باز نہیں کرے گی۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

علی اکبر صالحی نے کہا کہ کثیرالجہتی کے تحفظ کے لئے امریکہ کے تخریبی رویوں کا سلسلہ بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ اے ای او آئی کے سربراہ نے ایران کو ایٹمی سمجھوتے سے فائدہ نہ پہنچنے دینے کے لئے امریکی دباؤ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ٹرائیکا کو خاص طور سے ایٹمی سمجھوتے کے تناظر میں اپنے وعدوں پر مکمل اور موثر انداز میں عمل کرنا چاہئے۔

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نےایٹمی سمجھوتے کے تحفظ کے لئے تمام فریقوں کے متوازن عمل درآمد کو ضروری قرار دیا۔

ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ کے آنلائن خطاب سے پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ ایران کے پاس امریکیوں کی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت موجود ہے تاہم وہ بین الاقوامی تعلقات کے اصول و ضوابط پر یقین رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرس کا چونسٹھواں اجلاس پیر کو ویانا میں شروع ہوا ۔ جمعے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں آئی اے ای کے رکن ممالک دنیا کے ایک سو اکہتر ممالک کے مندوبین ، سفراء اور اعلی حکام فیزیکلی اور آنلائن طریقوں سے شرکت کر رہے ہیں۔

ٹیگس