29 نومبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں بارہ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ تین سو نواسی مزید کورنا مریضوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے بارہ ہزار نو سو پچاس افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک ہزار سات سو پنچانوے مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں لازمی طبی ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تین سو نواسی افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سینتالیس ہزار آٹھ سو چوہتر ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا کے نو لاکھ اڑتالیس ہزار سات سو انچاس مریضوں میں سے چھے لاکھ اٹھاون ہزار دو سو بانوے افراد کورونا کو شکست دے کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد تقریبا چھے کروڑ تیس لاکھ ہو گئی ہے جن میں سے چودہ لاکھ ساٹھ ہزار کورونا مریضوں کی اموات واقع ہو چکی ہے اور چار کروڑ تیس لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایک کروڑ چالیس لاکھ کورونا مریضوں اور دو لاکھ بہتر ہزار کورونا مریضوں کی اموات کے ساتھ امریکہ کورونا وبا سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے۔